کورونا سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں بس احتیاط کرنی چاہیے،عبد القادرپٹیل


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ آئندہ ایک سے 2 ماہ کے دوران ملک میں 5 سے 11 سال کے بچوں کی کورونا ویکسینیشن شروع کردی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ملک میں کورونا کے اومی کرون ویرئینٹ کے کیسز بڑھے ہیں، کراچی، مردان اور پشاور میں کورونا کیسز میں اضافہ ہوا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 3.5فیصد تک پہنچ گئی ، مثبت کیسز کی شرح میں اضافے کی ایک وجہ کم ٹیسٹنگ بھی ہے، عام طور پر ملک میں ان ہی لوگوں کے کورونا ٹیسٹ ہوتے ہیں جن میں اس کی علامات پائی جائیں۔ اس لئے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

وزیر صحت نے کہا کہ ملک میں کورونا کا زور کم ضرور ہوا ہے لیکن اس کی مختلف اقسام ابھی بھی موجود ہیں، جب تک کورونا ہے ہمیں احتیاطی تدابیر اپنانا ہوں گی، آنے والے دنوں میں مذہبی اجتماعات قریب آرہے ہیں اس کو بھی دیکھنا ہے، اس صورت حال میں ہمیں خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں بس احتیاط کرنی چاہیے۔

عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ملک میں 12 سال سے زائد عمر کی 86 فیصد آبادی نے کورونا سے بچا کی ویکسین لگوا رکھی ہے۔ اس کے علاوہ بوسٹر ویکسین ڈوز کا سلسلہ بھی جاری ہے ، 12سال سے کم عمر افراد کی ویکسینیشن کے لئے انتظامات کرلئے ہیں، آئندہ ایک سے 2 ماہ میں 5 سال سے زائد عمر کے بچوں کی ویکسینیشن بھی شروع کردی جائے گی۔ ملک میں کورونا کی وبا کی شرح ایک مرتبہ پھر بڑھ رہی ہے،

قومی ادارہ صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں کورونا کی تشخیص کے لیے 15 ہزار 426 ٹیسٹ کئے گئے۔جن میں سے مثبت کیسز کی تعداد 541 رہی۔انتہائی نگہداشت کے شعبے میں اس وقت 100 مریض داخل ہیں جبکہ ایک مریض دم توڑ گیا ہے۔

وزیراعظم نے بھی ملک میں کورونا کیسز کی پھر سے بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر میری پوری قوم سے اپیل ہے کہ کورونا سے متعلقہ ہدایات اور ایس او پیز پر عمل کریں۔