وزیر اعظم نے صحت کی دیکھ بھال کی تحقیق، ترقی میں اسٹریٹجک اصلاحات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے،سلمان صوفی


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے دماغی فالج اور دیگر معذوری میں مبتلا مریضوں کی سہولت کے لیے پاکستان میں ہیلتھ کیئر ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے شعبے میں سٹریٹجک اصلاحات شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس بات کا اعلان وزیراعظم کے اسٹریٹجک ریفارمز کے سربراہ سلمان صوفی نے  ایک بیان میں کیا۔سلمان صوفی نے کہا کہ ابتدائی طور پر دماغی فالج کے مصنوعی اعضا کی تیاری میں مصروف تنظیموں کی مدد کی جائے گی اور ان کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ دماغی فالج کے مریضوں کی تعلیم اور تربیت کے لیے بین الاقوامی سطح پر مشہور میوزک تھراپی جیسے اقدامات متعارف کرائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ دماغی فالج کے مریضوں کے لیے خصوصی وہیل چیئرز اور دیگر معذور شہریوں کی مدد کے لیے آلات پاکستان میں کم قیمت پر تیار کیے جائیں گے تاکہ وہ عام لوگوں کے لیے دستیاب ہوں۔

سلمان صوفی نے کہا کہ حکومت معذور افراد کو ان کی نقل و حرکت کے لیے سبسڈی پر ضروری اشیا فراہم کرنے کے لیے بھی اقدامات کرے گی۔