اسلام آباد(صباح نیوز) ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھونے کہا ہے کہ صحت کو درپیش موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے طلبا کو اپنے علم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے ، نینو ٹیکنالوجی، روبوٹک سرجری، پرسنلائیزڈ میڈیسن اور وائیڈ سپیکٹرم آرگن ٹرانسپلانٹ آج کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی پہچان ہیں، سربراہ پاک فضائیہ نے فضائیہ میڈیکل کالج کے پہلے کانووکیشن کے دوران پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو تمغوں سے نوازا۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق فضائیہ میڈیکل کالج کے پہلے کانووکیشن کا جمعرات کو ائیر یونیورسٹی اسلام آبادمیں انعقاد کیا گیا، سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کانووکیشن کے مہمان خصوصی تھے ۔ مہمان خصوصی نے پہلی، دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا کو سونے، چاندی اور کانسی کے تمغوں سے نوازا۔ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر سعد اظہر ملک ایم بی بی ایس میں 20 تمغے حاصل کرکے بہترین گریجوایٹ قرار پائے ۔
اس موقع پر سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نینو ٹیکنالوجی، روبوٹک سرجری، پرسنلائیزڈ میڈیسن اور وائیڈ سپیکٹرم آرگن ٹرانسپلانٹ آج کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی پہچان ہیں ،صحت کو درپیش موجودہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے طلبا کو اپنے علم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے ۔ سربراہ پاک فضائیہ نے فضائیہ میڈیکل کالج اسلام آباد میں دی جانے والی تعلیم کے اعلیٰ معیار کو سراہا ۔