نوجوانوں کو فیک نیوز اور درست خبروں میں فرق کرنے کی ضرورت ہے،صدر مملکت


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو غلط معلومات اور فیک نیوز اور درست خبروں میں فرق کرنے کی ضرورت ہے،طلبا ماضی کے تجربات کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے ذریعے آسانی سے دستیاب علم سے استفادہ کریں،طلبا ماضی کے تجربات کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے ذریعے آسانی سے دستیاب علم سے استفادہ کریں، ان خیالات کا اظہار صدر ڈاکٹر عارف علوی نے جمعرات کے روز کیڈٹ کالج ، مری کے طلبا کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کیڈٹ کالج ، مری کے طلبا کے وفد نے ملاقات کی۔ طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ بہتر فیصلہ سازی کیلئے تنقیدی اور تجزیاتی سوچ پیدا کریں، نوجوانوں کو غلط معلومات اور فیک نیوز اور درست خبروں میں فرق کرنے کی ضرورت ہے،طلبا اپنے لیے علم کے دروازے زندگی بھر کھلے رکھیں ،طلبا ماضی کے تجربات کے ساتھ ساتھ آئی ٹی کے ذریعے آسانی سے دستیاب علم سے استفادہ کریں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ طلبا رسول اللہ ۖ کی سیرت طیبہ اور کامیاب افراد کے تجربات کی روشنی میں فیصلہ سازی کریں ،قائداعظم تحریک آزادی میں طلبا کے کردار کو خصوصی اہمیت دیتے تھے ، بطور صدر ِپاکستان خواتین کے ملکیتی حقوق کے تحفظ، خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور قومی اہمیت کے تمام شعبوں میں آئی ٹی کے فروغ کیلئے خاص طور پر کام کیا ۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ آئی ٹی پروفیشنلز کی طلب اور رسد میں بڑھتا فرق پر کرنے کیلئے ہنر مند انسانی وسائل کی تعداد میں تیزی سے اضافہ کرنے کی ضرورت ہے، قدرتی وسائل کے ساتھ ساتھ باہنر انسانی وسائل قوموں کی پائیدار اور تیز رفتار ترقی کے لازمی اجزا ہیں، باہنر انسانی وسائل کی عدم موجودگی میں قدرتی وسائل سے استفادہ نہیں کیا جاسکتا۔ صدر مملکت نے مزید کہا ہے کہ تعلیمی ادارے طلبا کو علم اور ہنر کی فراہمی کیلئے آن لائن اور ہائبرڈ طریقے اپنائیں، تعلیمی ادارے قدرتی وسائل کو بروئے کار لانے کیلئے قابل اور ہنر مند پیشہ ور افراد کی مسلسل فراہمی یقینی بنائیں۔