حج قر عہ اندازی میں نام کے باجود لسٹ سے غائب ہونے والے شہریوں کو سرکاری کوٹہ پر حج کی اجازت مل گئی


اسلام آباد(صباح نیوز)حج قر عہ اندازی میں نام مگر لسٹ سے غائب ہونے والے شہریوں کو سرکاری کوٹہ پر حج کی اجازت مل گئی، وزارت مذہبی امور نے عدالت کو یقین دہانی کرا دی، اسلام آباد ہائیکورٹ نے حج قرعہ اندازی میں نام کے باوجود لسٹ سے نام نکالنے کے خلاف کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

  اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار نے حج قرعہ اندازی میں نام کے باوجود لسٹ سے نام نکالنے کے خلاف کیس کاتحریری فیصلہ جاری کیا۔ دو صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ وزارت مذہبی امور نے درخواست گزار شہریوں کو سرکاری کوٹہ پر حج پر جانے کی اجازت دے دی ہے۔ تحریری فیصلہ کے مطابق وزارت مذہبی امور کے مجاز افسر نے شہریوں کو حج کی اجازت دینے کا عدالت کے سامنے بیان دیا، ڈپٹی سیکرٹری وزارت مذہبی امور نے عدالت کو بتایا کچھ لوگ لسٹ سے ڈراپ ہونے کے بعد جگہ پر موجود ہے، وزارت مذہبی امور کے مجاز افسر کے مطابق درخواست گزاروں کو ضروری کارروائی کے بعد سرکاری کوٹہ پر حج کی اجازت دے دی جائیگی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری فیصلہ میں مزید کہا کہ وزارت مذہبی امور کے جواب کے بعد درخواست گزاروں کے اعتراضات کا ازالہ ہو گیا ہے اس لیے درخواست نمٹائی جاتی ہے۔شہری ڈاکٹر جی اے انصاری اور دیگر حج متاثرین کے کیس کی پیروی وکلا صابری شفقت اور صادق خان نے کی تھی۔