مہنگائی کے ستائے عوام کو ریلیف نہ مل سکا،یوٹیلیٹی اسٹورز پر دالوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ


اسلام آباد(صباح نیوز) مہنگائی کے ستائے عوام کو یوٹیلٹی اسٹورز پر بھی ریلیف نہ مل سکا،حکومت کی جانب سے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ سستے داموں کی فراہمی کا وعدہ دھرے کا دھرا رہ گیا۔یوٹیلیٹی اسٹورز پر مختلف برانڈز کے مصالحہ جات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد دالوں کی قیمتوں میں بھی ہوشربا اضافہ کردیا گیا ہے جس کا نوٹی فیکیشن بھی جاری ہوگیا۔

جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق دال چنا کی قیمت میں 28روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد اس کی قیمت 162 سے بڑھ کر 190 روپے فی کلو تک جاپہنچی، سب سے زیادہ اضافہ سفید چنے کی فی کلو قیمت میں کیا گیا۔حکام نے 87 روپے کا یکمشت اضافہ کیا تو سفید چنے کی قیمت 213 روپے سے بڑھ کر 300روپے فی کلو تک جا پہنچی، اسی طرح دال مسعور کی قیمت میں 55 روپے فی کلو کا اضافہ ہوا جس کے بعد نئی قیمت 215 سے بڑھ کر 270 روپے فی کلو تک چلی گئی۔

گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کی قیمتوں میں اضافے کا یہ دوسرا نوٹی فیکیشن ہے، اس سے قبل گذشتہ روز مصالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ ،ڈش واش اور ماچس و دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فیکیشن جاری کیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ ایک کلو مکس اچار کی قیمت میں55روپے اضافہ کیا گیا ، جس کے بعد مکس اچارکی فی کلوقیمت278سے بڑھ کر 333 روپے ہوئی، ماچس کے پیکٹ میں بھی 10روپے تک اضافہ ہوا ، جس کے بعد ماچس کا پیکٹ 40 روپے سے بڑھ کر50 روپے ہوا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق برتن دھونے والے اسپونج کی قیمت میں66 روپے اضافہ اور ٹشو پیپر173سے بڑھ کر198 روپے کا ڈبہ ہوا اسی طرح برانڈڈ ٹوتھ برش کی قیمت میں20 روپے تک کا اضافہ ہوا اور قیمت 97 روپے سے بڑھ کر 117 روپے کی ہوگئی تھی۔

یوٹیلیٹی اسٹورز پر سامان فراہم کرنے والی 30 برانڈڈ کمپنیوں نے اپنی 952 برانڈڈ اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔اس بات کا اعتراف یوٹیلیٹی اسٹورز کے ترجمان نے کیا ہے۔

ترجمان کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن خود مینوفیکچرنگ یا پروڈکشن نہیں کرتی ہے بلکہ عام مارکیٹ سے خریداری کرتی ہے۔

ترجمان کے مطابق وفاقی حکومت کی سبسڈی جاری ہے، یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستے داموں اشیائے خورد ونوش کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

ترجمان یوٹیلیٹی اسٹورز کا کہنا ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی ہدایت پر ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی اسٹورزپر بنیادی اشیا پر سبسڈی دی جارہی ہے۔