جنیوا(صباح نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے جنگی جرائم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف کشمیریوں نے جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے دفتر کے باہر مظاہرہ کیا ہے ۔
اس موقع پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرانے کا مطالبہ کیا گیا۔تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے نے مظاہرہے کی قیادت کی ۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی خاموشی نے اس کی ساکھ پر سوال اٹھادیئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی اصولوں اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی جاری رکھے ہوئے ہے لہذاعالمی برادری کو مقبوضہ کشمیرمیں جاری مظالم رکوانے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھانا چاہیے ۔ مظاہرے کااہتمام تحریک کشمیر اٹلی اور جنیوا جانے والے کشمیری وفد نے کیاتھا ۔
وفد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما الطاف حسین وانی، سید فیض نقشبندی، سردار امجد یوسف، حسن البنا، ایڈووکیٹ پرویز، شمیم شال، پروفیسر شگفتہ اشرف ، ڈاکٹر ساحرہ شاہ اور دیگر شامل تھے ۔ فہیم کیانی نے کہا کہ ایک طرف توبھارت نام نہاد بین الاقوامی لبرل آرڈر کی حمایت یافتہ اقدار کو پامال کر رہا ہے جبکہ دوسری طرف بھارت میں فسطائی حکومت کو جموں وکشمیر پر غیر قانونی طور پر قبضے کا ایک آسان راستہ دیا گیا ہے، جس سے دوہرا معیار واضح ہوتاہے ۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقو ق کونسل پر زوردیا گیا کہ وہ بھارت سے کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ اور دیگر حریت رہنماؤں بشمول محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، الطاف احمد شاہ، آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی، ناہیدہ نسرین، ظفر اکبر بٹ، غلام محمد بٹ، ڈاکٹر قاسم فکتو، معراج الدین کلوال اور دیگرکے غیر قانونی اغوا کے بارے میں معلومات طلب کرے۔
فلاح عام ٹرسٹ کے زیر اہتمام اسکولوں پر غیر قانونی پابندی کا حوالہ دیتے ہوئے فہیم کیانی نے کہا کہ بھارت کی فسطائی حکومت کشمیری نوجوانوں کو ان کے مذہب، عقیدے، روایات، ثقافت اور تاریخ سے محروم کرنے پر تلی ہوئی ہے۔حریت رہنما الطاف حسین وانی نے کہا کہ فسطائی بھارتی فوجی حکومت اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کررہی ہے ۔سید فیض نقشبندی نے کہاکہ بھارت اچھی طرح جانتا ہے کہ کشمیری اقوام متحدہ کی زیرنگرانی ہونے والی رائے شماری میں اس کے خلاف ووٹ دیں گے اور اسی لیے وہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرناچاہتا ہے۔