رحیم یار خان (صباح نیوز)رحیم یار خان میں کانگو وائرس کا ایک مشتبہ مریض دم توڑ گیا۔شیخ زایدہسپتال کے ترجمان نے کہا کہ ہسپتال میں کانگو وائرس کے3 مزید مشتبہ مریض زیر علاج ہیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت نے بتایاکہ وائرس کی تصدیق کے لیے مریضوں کے نمونے قومی ادارہ صحت کوبھیج دئیے گئے ہیں۔ کانگو وائرس جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والا مرض ہے ،کانگو وائرس مختلف جانوروں مثلا بھیڑ، بکری، گائے، بھینس اور اونٹ کی جلد میں پایا جاتا ہے۔
کانگو وائرس سے متاثرہ جانور ذبح کرنے کے دوران کسی شخص کے ہاتھ میں کٹ لگ جائے تو یہ وائرس انسانی خون میں شامل ہو جاتا ہے۔ کانگو وائرس کا مریض تیز بخار میں مبتلا ہوتا ہے اور اسے سردرد، متلی، قے، بھوک میں کمی، کمزوری، منہ میں چھالے اور آنکھوں میں سوجن ہوتی ہے۔ کانگو وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے لمبی آستینوں والی قمیض کا استعمال کرنا چاہیے۔