صنعائ(صباح نیوز) یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد نے کہاہے کہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب سعودی عرب کے صوبے جازان کی سمت داغا جانے والا ایک بیلسٹک میزائل فضا میں تباہ کر دیا گیا۔
اس میزائل کا مقصد شہریوں کو نشانہ بنانا تھا۔ اتحاد کے مطابق اس نے صنعا کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دشمنانہ کارروائی کے حوالے سے مشکوک سرگرمیوں اور نقل و وحرکت کا پتہ چلایا۔ اتحاد نے بتایا کہ صنعا کا ہوائی اڈہ سرحد پار دشمن کارروائی کے واسطے ایک عسکری بیرک میں تبدیل ہو گیا ہے۔
اس سے قبل جمعرات کے روز عرب اتحاد نے ایک اعلان میں بتایا کہ 24گھنٹوں کے دوران میں مارب اور الجوف صوبوں میں حوثی ملیشیا کو نشانہ بنانے کے لیے 35 کارروائیاں کی گئیں۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں باغیوں کی 24عسکری گاڑیاں تباہ ہو گئیں جبکہ حوثیوں کا جانی نقصان 200دہشت گردوں کی ہلاکت سے تجاوز کر گیا۔
عرب اتحاد نے باور کرایا کہ مارب صوبے کے معرکوں میں اب تک دہشت گرد ملیشیا کے ہزاروں ارکان مارے جا چکے ہیں۔