نئی دہلی: بھارتی کسانوں نے اپنے عزم سے تکبر کا سر جھکا دیا ہے ۔ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے تینوں زرعی قوانین واپس لینے کا اعلان کر دیا ہے جن کی وجہ سے تقریبا ایک سال سے بھارتی کسان ملک گیر احتجاج کر رہے تھے۔
نریندر مودی نے جمعے کو قوم سے خطاب میں کہا کہ ہم نے تینوں زرعی قوانین واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم تینوں قوانین کی منسوخی کے لیے پارلیمنٹ کے اجلاس میں آئینی عمل کا آغاز کریں گے جو رواں ماہ کے آخر میں شروع ہوگا۔وزیر اعظم نریندر مودی نے قوم سے خطاب میں کہا، زراعت کو بہتر بنانے کے لیے تین قانون لائے گئے تھے تاکہ چھوٹے کسانوں کو زیادہ طاقت ملے۔
برسوں سے یہ مطالبہ ملک کے کسانوں اور ماہرین معاشیات کی طرف سے کیا جا رہا تھا۔ جب یہ قوانین لائے گئے تو پارلیمنٹ میں اس پر بحث ہوئی۔ کے پی آئی کے مطابق مودی نے کسانوں سے اپیل کی، آپ اپنے گھروں کو لوٹیں، کھیتوں میں واپس آئیں، خاندان کے پاس واپس آئیں، ایک نئی شروعات کریں۔ نئی دہلی کی سرحدوں پر متنازع زرعی قوانین کے خلاف سراپا احتجاج کسانوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے سے پہلے تحریک کو مزید تیز کرنے کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ انڈین سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ زرعی قوانین کا معاملہ عدالت میں ہے۔انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق منگل کو کسانوں کی قیادت نے ہریانہ، پنجاب اور اتر پردیش کے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں دہلی کی سرحد پر پہنچیں۔رواں ماہ کے آغاز میں پرتشدد مظاہروں کے دوران چار کسانوں سمیت آٹھ افراد کی ہلاکت کے بعد سپریم کورٹ نے احتجاج پر سوال اٹھایا تھا۔
یاد رہے کہ گذشتہ سال 27 نومبر سے نافذالعمل نئے زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کی وجہ سے ہزاروں کسانوں نے دارالحکومت میں ڈیرے ڈال رکھے تھے۔ کسانوں کا احتجاج 2019 میں دوسری مرتبہ انتخابات جیتنے والی ہندو قوم پرست جماعت بی جے پی کی حکومت کے لیے بڑا چیلینج بنا ہوا تھا۔26 جنوری کو انڈیا کے یوم جمہوریہ کے موقع پر نئے زرعی قانون کے خلاف احتجاج کرنے والے کسان دارالحکومت دہلی کے لال قلعہ میں داخل ہو گئے تھے اور اس کے اوپر جھنڈا لہرا دیا تھا۔
اس پر وزیراعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ دلی میں مظاہرین نے لال قلعے پر دھاوا بول کر ملک کی توہین کی ہے۔.وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے تینوں زرعی قوانین کی واپسی کے بعد کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسانوں نے اپنے عزم سے تکبر کا سر جھکا دیا ہے۔ راہل گاندھی نے ٹوئٹر پر لکھا، ملک کے انداتا نے ستیہ گرہ سے تکبر کا سر جھکا دیا۔
ناانصافی کے خلاف یہ جیت مبارک ہوراہل گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ اپنی ایک پرانی ویڈیو بھی شیئر کی ہے جس میں وہ کسانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ میری یہ بات یاد رکھنا کہ حکومت کو ایک دن زرعی قوانین کو واپس لینے پر مجبور ہونا پڑے گا۔