کے الیکٹرک کیلئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی5روپے28فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری


اسلام آباد (صباح نیوز)نیپرا نے کراچی کے بجلی صارفین کے لئے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں بجلی پانچ روپے 28پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

اضافہ کی منظوری اپریل کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی ، نیپرا تفصیلی فیصلہ اور نوٹیفکیشن بعد میں جاری کرے گا۔ اپریل کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں پہلے کے الیکٹرک نے بجلی چار روپے 86پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی تاہم بعد میں اس پر نظرثانی کر کے پانچ روپے 30پیسے فی یونٹ بجلی مہنگی کرنے کی اجازت مانگی گئی۔

 نیپرا نے سماعت کے بعد بجلی پانچ روپے28پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔ بجلی مہنگی ہونے سے کراچی کے صارفین پر ایک ماہ میں 10ارب روپے کااضافی بوجھ پڑے گا۔ نیپرا ڈیٹا کا جائزہ لینے کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گا۔

آئندہ ماہ کے بلوں میں اس اضافہ کا اطلاق کیا جائے گا جبکہ کے الیکٹرک نے جنوری سے مارچ کی سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی تین روپے89پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست کی ہے۔

اس سے قبل کے الیکٹرک نے جنوری سے مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی چار روپے 52پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی تھی جس کو بعد میں نظرثانی کرکے اب تین روپے 89پسے فی یونٹ اضافہ مانگا گیا ۔

نیپرا سہ ماہی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی کی قیمت میں اضافہ کے حوالے سے الگ سماعت کرکے فیصلہ کرے گا۔