الخدمت فاؤنڈیشن اورپیما کے تحت پی اوبی ٹرسٹ کے تعاون سے کابل میں6روزہ فری آئی کیمپ


کابل،لاہور( صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن،پیمااورپاک افغان تعاون فورم کی کاوش سے پی اوبی ٹرسٹ نے افغانستان کے شہرکابل میں 6روزہ فری آئی کیمپ کا انعقاد کیا جس میں کابل اوردیگرشہروںسے آئے 600 سے زائدمریضوں کی سرجری کی گئی۔اِس مقصدکے لیے الخدمت،پیما اورپی اوبی ٹرسٹ کے 20 رُکنی وفد نے کابل افغانستان کا دورہ کیاجس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے نائب صدرڈاکٹرمشتاق مانگٹ،پی اوبی ٹرسٹ کے سربراہ اور مایہ ناز آئی سرجن ڈاکٹرانتظارحسین بٹ،جنرل سیکرٹری الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن ڈاکٹرزاہدلطیف،ایم ڈی سفیان احمدخان،نامور آئی سرجن ڈاکٹر عمران اکرم صحف،ڈاکٹرمیر علی شاہ اورڈاکٹر غلام حسین آصف سمیت دیگرڈاکٹرز،پیرامیڈیکل اسٹاف وذمہ داران شامل تھے۔ڈاکٹر انتظارحسین بٹ نے نور آئی ہسپتال کابل میں فری آئی کیمپ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ کیمپ میں سفیدموتیاسمیت آنکھوں کی دیگر بیماریوں سے متاثرہ افراد کی 600سے زائدسرجریزکی گئی ہیں،یہ پہلا موقع ہے کہ افغانستان میں اکیولوپلاسٹی اور وٹریوریٹینل سرجریزکی گئی ہیں،جس کے لئے ڈھائی کروڑروپے کی لاگت سے خصوصی آپریشن تھیٹرکے قیام کے ساتھ ساتھ 15مقامی ڈاکٹرزکواسپیشلائزڈ آپریشن کی تربیت بھی فراہم کردی گئی ہے۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدرڈاکٹرمشتاق مانگٹ نے اس موقع پر کہا کہ دہائیوں سے جاری خانہ جنگی سے متاثرہ افغانستان میں صحت عامہ کی بنیادی سہولیات کافقدان ہے۔اب تک الخدمت فاؤنڈیشن افغان عوام کے لئے35کروڑ سے زائد مالیت کا امدادی سامان بھجوا چکی ہے جس میں7کروڑ مالیت کی ادویات اوردیگرمیڈیکل آلات شامل ہیں۔ان اقدامات کامقصدافغانستان میں نظامِ صحت کو مضبوط کرنا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔افغانستان ہماراہمسایہ اوربرادر اسلامی ملک ہے اورالخدمت فاؤنڈیشن دیگرمعاون اداروں کے ساتھ ملکرافغان عوام کی ہر ممکن مددجاری رکھے گی۔