سینیٹ کمیٹی نے ریڈیو درختوں کی کٹائی کے حوالے سے مفصل رپورٹ طلب کرلی


اسلام آباد  (صباح نیوز)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے ریڈیو پاکستان راولپنڈی کے درختوں کی کٹائی اور نیلامی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اس بارے میں تحفظ ماحولیات کے متعلقہ وفاقی و صوبائی اداروں سے رپورٹ طلب کرنے کی سفارش کی ہے

اپنے اجلاس میں سینیٹر عرفان صدیقی کی طرف سے لکھے گئے خط کا نوٹس لیتے ہوئے اسے باضابطہ طور پر ایجنڈے کا حصہ بنا کر تفصیلی بحث کی گئی. کمیٹی ارکان نے محکمانہ رپورٹ پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا

سینیٹر فیصل جاوید کی سربراہی میں منعقد ہونے والی میٹنگ میں وزارت اطلاعات اور ریڈیو پاکستان کے متعلقہ حکام نے شرکت کرکے اپنے موقف کا اظہار کیا، جِسے ارکان نے ناقابل قبول قرار دے دیا. چیئرمین کمیٹی نے اس تجویز سے اتفاق کیا کہ جامع رپورٹ کیلئے پاکستان انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی اور پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی خدمات حاصل کرکے ماہرین سے رپورٹ مرتب کرائی جائے کہ کتنے درخت کاٹے گئے، انکی اقسام کیا تھیں, وہ کتنی عمر کے تھے اور انکی مارکیٹ قیمت کا تخمینہ کیا ہے.

چیئرمین کمیٹی نے قرار دیا کہ ایک ہفتہ بعد قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ ایجنڈا دوبارہ زیر غور آئیگا اور ماہرین کی رپورٹ کی روشنی میں مزید کاروائی کا فیصلہ کیا جائیگا.