ملی یکجہتی کونسل کے وفد کا لیاقت بلوچ کی سربراہی میں چینی سفارتخانے کا دورہ


َّاسلا م آباد(صباح نیوز)ملی یکجہتی کونسل کے وفد نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کی سربراہی میں چین کے اسلام آباد میں موجود سفارتخانے کا دورہ کیا۔

وفد کے ارکان میں علما و مشائخ رابطہ کونسل کے سربراہ خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ،اسلامی تحریک کے نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی،جمعیت علمائے پاکستان (نورانی) کے سیکریٹری جنرل پیر محمد صفدر شاہ گیلانی،تحریک جوانان پاکستان کے چیئرمین محمد عبد اللہ گل، جماعت اہل حدیث کے امیر حافظ عبد الغفار روپڑی، نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم، جمعیت علمائے اسلام(سینئر) کے مرکزی راہنما پیر عبد الشکور نقشبندی،اسلامی جمہوری محاذ کے سربراہ حافظ زبیر احمد ظہیر، ملی یکجہتی کونسل اسلام آباد کے صدر انجینئر نصر اللہ رندھاوا اور سید ثاقب اکبر شامل تھے۔ وفد کی ملاقات چینی سفارت خانے کے کونسلر مسٹر ینگ ناؤسے ہو ئی۔

اس موقع پر سانحہ کراچی میں جاں بحق ہونے والے چینی اساتذہ اور دیگر واقعات میں دہشت گردوں کے ہاتھوں مارے جانے والے چینی انجینئرز اور ماہرین کے بہیمانہ قتل پر اظہار افسوس کیا گیا۔ تعزیتی کتاب میں جناب لیاقت بلوچ نے وفد کی طرف سے تاثرات بھی قلمبند کیے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ چینی اساتذہ،انجینئرز اور ہنر مندوں کے قتل پر ہم نہایت افسردہ ہیں او ردہشت گردی کے ان واقعات کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ ہم پاکستان کی تمام مذہبی جماعتوں کی طرف سے چینی عوام اور اس کی قیادت کی خدمت میں تعزیت پیش کرنے کے لیے آئے ہیں، البتہ ایسے افسوسناک واقعات خود پاکستانیوں کے خلاف بھی ہوتے رہتے ہیں ۔ ہماری رائے میں عالم اسلام اور چین کے بڑھتے ہوئے تعلقات استعماری طاقتوں کو گوارا نہیں جبکہ ہم ان تعلقات کو بہت اہم سمجھتے ہیں۔ کشمیر کے لیے چین کی حمایت کو ہم بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ چین اس وقت دنیا میں عالمی سامراج کے مقابلے پر ایک نئی اقتصادی قوت کے طور پر ابھر رہا ہے جسے عالم اسلام بھی اپنے لیے تقویت کا باعث سمجھتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ چین کے مسلمانوں کے بارے میں مختلف ذرائع سے منفی خبریں آتی رہتی ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ حقیقت حال کو واضح کرنے اور اس پراپیگنڈہ کو زائل کرنے کے لیے دونوں ملکوں کے عوام کے مابین رابطے ضروری ہیں۔ اس مقصد کے لیے پاکستانی علما کا چین جا کر مسلمانوں سے ملنا اور ان کے حالات کو نزدیک سے دیکھنا نہایت مفید رہے گا۔ ینگ ناؤ نے ملی یکجہتی کونسل کے وفد کو خوش آمدید کہا۔

انھوں نے بتایا کہ وہ عالم اسلام کے مختلف ممالک کا دورہ کر چکے ہیں جن میں سعودی عرب اور ایران بھی شامل ہیں۔انھوں نے اسلام کے بارے  میں منفی پراپیگنڈہ کی مخالفت کی۔ انھوں نے کہا کہ کرونا کے مسائل ختم ہو جائیں تو ہم آپ کو بھی چین میں آنے کی دعوت دیں گے۔