سپریم کورٹ کا ایگزیکٹیو ڈائریکٹرپولی کلینک کی اسامی کیلئے دوبارہ اشتہار جاری کرنے کا حکم


اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے معروف سرکاری ہسپتال پولی کلینک کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرکی اسامی کیلئے دوبارہ اشتہار جاری کرنے کا حکم دیدیا ۔

چیف جسٹس آف  پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے  ڈاکٹر شاہد کی تقرری کیخلاف فیڈرل پبلک سروس کمیشن کی جانب سے دائر درخواست کی سماعت کی ۔ دوران سماعت ڈپٹی  اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ جوائنٹ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پولی کلینک نے عہدہ کیلئے اپلائی کیا، عہدے کیلئے بیس سال کا تجربہ درکار تھا لیکن جوائنٹ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کے پاس مطلوبہ تجربہ سے کم تجربہ تھا،2015 میں آنے والے رولز سابقہ قوانین کا تسلسل نہیں تھے۔

جس پر چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ ہمارے پاس 2014 کے رولز اور اس وقت کا اشتہار ہے،ہمیں ذیلی قوانین پر تحفظات ہیں،مذکورہ عہدے کیلئے  دوبارہ اشتہار جاری کیا جانا  چاہیے۔ واضح رہے کہ فیڈرل پبلک سروس نے ڈاکٹر شاہد کی تقرری کیخلاف عدالت عظمی سے  رجوع کر رکھا تھا۔