برسلز(صباح نیوز)کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے سربراہ محمدیاسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے عمر قید کی سزا کی شدید مذمت کی ہے۔
علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں کہاکہ یاسین ملک کو بنیاد الزامات کے تحت سزا سنائی گئی ہے اور ان کی جان کو جیل میں خطرہ ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یاسین ملک کی رہائی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔ انہوںنے کہا کہ یاسین ملک کو سزا دینے کا مقصد کشمیریوں کے حوصلے کم کرنا ہے لیکن کشمیری جارحانہ بھارتی اقدمات سے ہرگز مرعوب نہیں ہونگے اور وہ اپنے حق خوددارادیت کی جدوجہد مقصد کے حصول تک جاری رکھیں گے۔
علی رضا سید نے کہا کہ وہ چند روز قبل یاسین ملک کی جلد از جلد اور غیرمشروط رہائی کے لیے یورپین کونسل کے صدر چارلس مشل، یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وون در لین، یورپی یونین کے اعلی سفارتی نمائندہ جوزف بورریل اور یوری پارلیمان کی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ ڈیوڈ میک الیسٹر کو ایک خط بھی لکھ چکے ہیں۔
خط میں کہاگیا ہے کہ یورپی حکام یاسین ملک کی رہائی کے لیے بھارت پر دباو ڈالیں اور اس حوالے سے اپنا اثرروسوخ استعمال کی کریں۔ علی رضا سید نے خرم پرویز، محمد احسن انتو، صحافی سجادگل، فہد شاہ اور دیگر سیاسی قیدیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی بھی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان تمام کشمیریوں کو غیر قانونی بھارتی قبضے کے خلاف آواز اٹھانے اور بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوںکو بے نقاب کرنے کی پاداش میں قید کر لیا گیا ہے