پاکستانی  تھنک ٹینک کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز اور سوئس ایشین چیمبر آف کامرس کے مابین باہمی تعاون کا ایم او یو


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان اور سوئٹزرلینڈ کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستانی تھنک ٹینک کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز (کے سی ایف آر)نے سوئس ایشین چیمبر آف کامرس(ایس اے سی سی)کے ساتھ گزشتہ روز مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس باہمی معادے کی تقریب کا انعقاد ڈیوس میں جاری ورلڈ اکنامک فورم کے موقع پر پاکستان کے پویلین میں کیا گیا۔

ایم او یو پر چیئرمین ایس اے سی سی ڈاکٹر ارس لسٹنبرگر (Dr. Lustenberger) اور چیئرمین کے سی ایف آر اکرام سہگل نے دستخط کیے۔ جب کہ اس موقع پر سرکاری افسران، تاجروں اور دیگر شرکا کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ یہ ایم او یودونوں اداروں کو تحقیقی منصوبوں اور تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے کانفرنس، مکالمے اور فورمز سمیت مختلف باہمی آپریشنز کے انتظام میں معاون ثابت ہو گا۔ایس اے سی سی کے چیئرمین ڈاکٹر لسٹنبرگر نے اس موقع پر اپنی بے پناہ مسرت کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ادارے ایک دوسرے کی طاقت اور مہارت سے سیکھ سکتے ہیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے سی ایف آر کے چیئرمین ایم اکرام سہگل نے ایم او یو کو دونوں اداروں میں باہمی تعاون کی جانب پہلا قدم قرار دیا۔ اکرام سہگل نے مزید کہا کہ اس سے مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے اور تشویش کے مختلف مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔سوئس ایشین چیمبر آف کامرس  ایک نجی تنظیم ہے، جو سوئٹزرلینڈ اور ایشیائی ممالک کے درمیان اقتصادی اور کاروباری تعلقات میں دلچسپی رکھنے والے افراد، کاروباری اداروں اور سرکاری محکموں کے لیے ایک فورم فراہم کرتی ہے۔

کراچی کونسل آن فارن ریلیشنز پاکستان کا ایک ممتاز تھنک ٹینک ہے جو 2003 سے خارجہ تعلقات اور اقتصادی امور کے شعبوں میں کام کر رہاہے۔ کے سی ایف آر پاکستان سے متعلق قومی اور بین الاقوامی مسائل سے متعلقہ موضوعات پر سیمینارز اور کانفرنسز کا انعقاد کرتا ہے جب کہ یہ اوپر بیان کیے گئے مقاصد کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کے دورے کے دوران وزارت خارجہ، اداروں، غیر ملکی سفیروں اور دیگر معززین کے ساتھ باقاعدگی سے رابطے میں رہتا ہے۔