وزیر اعظم شہباز شریف کا لاہور میں پاکستان کڈنی انیڈ لیور انسٹیٹیوٹ( پی کے ایل آئی ) کا دورہ


 لاہور(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے لاہور میں پاکستان کڈنی انیڈ لیور انسٹیٹیوٹ( پی کے ایل آئی )  کا دورہ کیا ۔

اس موقع پروزیر اعظم شہباز شریف  کوپی کے ایل آئی کے مالی اور انتظامی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں وزیرِ اعظم کے گزشتہ دورون میں جاری کی گئیں ہدایات کی روشنی میں پی کے ایل ائی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تشکیل نو ،نرسنگ انسٹیٹیوٹ کا قیام ، پچاس فیصد مستحق مریضوں کا مفت علاج ، مفت علاج سب کے لئے اور پی کے ایل آئی ٹرسٹ کے قیام پر پیش رفت سے اگاہ کیا گیا.

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی کے شعبہ جات کو مرحلہ وار فعال کیا جائے گزشتہ تین سالوں میں جو منصوبے تعطل کا شکار رہے ان کو ہنگامی بنیادوں پر مکمل کیا جائے.وزیراعظم نے چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری خزانہ پنجاب کو ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی کو فنڈز کی فراہمی 10 جولائی تک یقینی بنائی جائے.

انہوں نے ہدایت جاری کی کہ نرسنگ انسٹیٹیوٹ کے قیام کے لئے تمام اقدامات اگلے ماہ تک مکمل کر لئے جائیں۔وزیر اعظم نے کہا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز میں قابل اور اہل پرائیوٹ ممبران کو شامل کیا جائے تا کہ پی کے ایل آئی کے امور کو احسن طریقے سے سر انجام دیا جاسکے.

وزیراعظم نے نو منتخب پی کے ایل آئی بورڈ کے چئرمین ڈاکٹر سعید اختر کو مبارکباد دی اور ہدایت کی کہ پی کے ایل آئی کے مالی معاملات کو مستحکم کرنے کے لئے اچھی شہرت کے حامل مالی مشاورتی ادارے کی خدمات حاصل کی جائیں.مریضوں کے سکریننگ سینٹرز کو پورے پنجاب میں فعال کیا جائے تاکہ عوام کو طبی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں.

اس موقع پر چئرمین پی کے ایل آئی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مصر کی طرح پاکستان بھی جلد ہیپاٹایٹس سی جیسی مہلک بیماریوں سے نجات حاصل کر لے گا.سیکرٹری خزانہ نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ پی کے ایل آئی کے لئے مختص فنڈز کو جولائی کی دس تاریخ تک جاری کر دیا جائے گا.