پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے اشتراک کی بہترین مثال ہے،شہباز شریف


کراچی(صباح نیوز) وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے مابین قریبی تعلقات کی بہترین مثال ہے، دونوں ممالک تاریخی اور بہترین تعلقات کی ڈور میں بندھے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاک بحریہ کے لیے ترکی کے تعاون سے تعمیر کیے جانے والے ملجم کلاس جہاز پی این ایس بدر کی لانچنگ کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی،

تقریب میں ترکی کے وزیر دفاع بھی شریک ہوئے، اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی بھی موجود تھے۔جہاز ترکی کے ایم ایس اسفات کے تعاون سے کراچی شپ یارڈ میں تیار کیا گیا ہے۔

وزارت دفاعی پیداوار اور ترکی کے معاہدے کے تحت دو کارویٹس جہازوں کی تعمیر کی گئی ہے، دو کارویٹس جہازوں کی تعمیر پاکستان اور دو کی تعمیر ترکی میں کی جا رہی ہے۔ یہ چاروں جہاز اس وقت تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں، جہازوں کی شمولیت سے پاک بحریہ کی عسکری اور آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔

جہازجدید ہتھیاروں اورسینسرزسیلیس ہوں گے۔ مقامی سطح پر جدید سٹیٹ آف دی آرٹ ملجم کلاس جہازوں کی تعمیر ملکی شپ بلڈنگ اور ڈیزائننگ کی صلاحیتوں میں اضافے کا باعث بنے گی۔

وزیراعظم نے تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ اس تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے، میں سربراہ پاک بحریہ، ترک کمپنی اور شپ یارڈ کے عملے کو مبارکباد دیتا ہوں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی این ایس بدر پاکستان اور ترکی کے اشتراک کی بہترین مثال ہے، پاک ترک تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا آغاز ہوگیا ہے ، پاکستان اور ترکی ایک قوم ہیں جو دو مختلف ملکوں میں رہتی ہے۔کورونا کے دوران جہاز کی تیاری دونوں ممالک کی بڑی کامیابی ہے ، سی پیک منصوبہ علاقائی روابط کے فروغ کیلئے نہایت اہم ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جلد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ترکی کا بڑا حصہ ہوگا، قدرتی آفات میں ترکی نے ہمیشہ پاکستان کی بڑھ چڑھ کر مدد کی۔ پاکستان ترکی کیساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، مختلف شعبوں میں ترکی اورپاکستان کوبہترین معاونت حاصل ہے، دونوں ممالک بہترین تعلقات کی ڈور میں بندھے ہوئے ہیں۔