عمرانی فتنہ ختم کرنے کے لئے ریاست کو مدعی بننا پڑے گا، جاوید لطیف


لاہور (صباح نیوز)وفاقی وزیر، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما میاںجاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان انتشاراور فساد پھیلا کر خون ریزی کرنا چاہتے ہیں، عمرانی فتنے کو ختم کرنے کیلیے ریاست کو مدعی بننا پڑے گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وسلم کے واقعے پر دکھے ہیں، شیخ رشید کہتا رہا کہ جب ن لیگ کے لوگ جائیں گے تو واقعات ہونگے، عمران کابینہ کے لوگ کہتے رہے اور دینی جذبات کو مجروح کرتے رہے انہوں نے کہاکہ  مقدس مقامات پر اونچی آواز میں بات کرنا کسی طرح مناسب نہیں لیکن پی ٹی آئی والوں نے باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت مسجد نبوی کی بے حرمتی کی، شیخ رشید نے وزیراعظم کے دورے سے پہلے بتادیا  کہ  وہاں کیا کچھ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عمرانی فتنہ کہتا ہے چاند رات کو موٹر سائیکلوں پر  پارٹی پرچموں کے ساتھ نکلیں، یہ لوگ فساد پیدا کرکے خونریزی کرنا چاہتے ہیں، تمام مکاتب فکر کو اکٹھا کرکے عمرانی فتنے کا خاتمہ کرنا ہوگا۔وفاقی  وزیر کاکہنا تھا کہ کوئی بھی شخص مقدس مقامات کی بے حرمتی برداشت نہیں کرسکتا لہذا حکومت کی ذمہ داری ہے کہ عمرانی فتنی کی سازش میں ملوث ہاتھ بے نقاب کرے، اس معاملے میں وزیراعظم صاحب قوم کی آواز بنیں۔جاوید لطیف نے مزید کہا یہ غیر ملکی ایجنڈا ہے، یہی غیر ملکی سازش ہے، اس مذہبی جنونیت سے میرے اور آپ کے گھر محفوظ نہیں رہیں گے، ہمارے مذہبی عقائد سے کھیلنے والے کو روکنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کل تک کہتے تھے کہ فرح بی بی سے ان کا کوئی تعلق نہیں، کل ان کی اعلی قیادت نے فرح بی بی کا دفاع کیا۔ جاوید لطیف نے مزید کہا کہ رویت ہلال کمیٹی عمران خان کی بنائی ہوئی ہے، کبھی ایسا نہیں ہوا سرکاری طور پر 2 عیدیں کی جائیں، عمرانی فتنہ اثر کررہا ہے جہاں اسکی حکومت ہے وہاں عید کااعلان کر دیا،

انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، پاکستان دین کی عظمت کی سربلندی کیلیے بنا تھا، عمرانی فتنہ ادھر بھی کہتا باہر نکلیں اور پارٹی پرچموں کے ساتھ نکلیں، عمرانی فتنہ کو اب ختم کرنا ہوگا اور ریاست کو اس پر مدعی بننا پڑے گا، وزیراعظم شہبازشریف سے گزارش ہے قوم کی آواز بنیں۔جاوید لطیف نے مزید کہا کہ عمران خان سازش کا چورن بیچنا بند کریں، عمرانی فتنہ ملک کیلیے تباہ کن ہوگا یہ گھروں کو آگ کا ڈھیر بنانا چاہتا ہے۔