مسجد نبویۖ کا تقدس کو پامال کرنا شرمناک اقدام ہے ،اس واقعہ سے پوری دنیا میں پاکستان کو سبکی ہوئی ہے،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ مسجد نبویۖ واقعہ پر افسردہ ہیں،مقدس مہینے اور بابرکت مقام پر ہلٹر بازی ناقابل برداشت ہے۔مسجد کا تقدس کو پامال کرنا شرمناک اقدام ہے ۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے اس واقعہ میں ملوث افراد میں غیرت نام کی کوئی چیز نہیں۔سیاسی نفرت کو اس حد تک لے جانا لمحہ فکریہ ہے ۔اس واقعہ سے پوری دنیا میں پاکستان کو سبکی اٹھانا پڑی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ میں زیادہ سے زیادہ قرب الہٰی حاصل کرنے کی جستجو کرنی چاہیے۔ اللہ تعالیٰ کا کرم ہے کہ اس نے رمضان جیسے مقدس مہینہ ہمیں دیا تاکہ ہم متقی اور پرہیز گار بن جائیں۔ پورے اخلاص کے ساتھ روزے رکھنے سے اللہ اور اس کے رسول کی خوشنودی حاصل ہوتی ہے۔ روزہ ہمیں صبر اور جسمانی و روحانی پاکیزگی کی طرف مائل کرتا ہے۔ خود پر کنٹرول کرنا اور اپنی مرضی کو پس پشت ڈال کر اللہ کی رضا کے لیے خواہشات کو قربان کردینا ہی اس کا اصل مقصد ہے۔ روزہ اللہ کے لیے ہے اور اللہ تعالیٰ ہی اس کا ثواب دیں گے۔ ہمیں چاہیے کہ ہم قرآن کے ساتھ اپنا ناطہ مضبوط کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا المیہ یہ ہے کہ جب بھی کوئی تہوار آتا ہے تو ملک کے اندر ناجائز منافع خوروں کی چاندنی ہوجاتی ہے۔ وہ دونوں ہاتھوں سے عوام کو لوٹنا شروع کردیتے ہیں۔ یہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی کمزور رٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ گرانفروشوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلا ف سخت ترین تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائے۔ پوری دنیا میں یہ روایت ہے کہ جب بھی کوئی تہوار آتا ہے تو وہاں کی حکومتیں عوام کے لیے خصوصی پیکیجز کا اعلان کرتی ہیں۔ اور تاجر بڑھ چڑھ کر ایثار کا مظاہرہ کرتے ہیں مگر بد قسمتی سے پاکستان میں اس کا الٹ ہے