ستائیس رمضان المبارک کو سود کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ پوری قوم کے لیے تحفہ ہے،فرید پراچہ


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا کہ 27رمضان المبارک کو سود کے خلاف وفاقی شرعی عدالت کا فیصلہ پوری قوم کے لیے تحفہ ہے۔حکمران بتائیں کہ وہ اللہ اور رسولۖ کے خلاف جنگ کا سلسلہ کب بند کریں گے۔ سودی نظام نے پوری دنیا کو غلام بنا رکھا ہے۔ غربت، بے روزگاری، فاقہ کشی جیسے مسائل سود ی معاشی نظام کی وجہ سے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد بلال نیو گارڈن ٹاؤن لاہور میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے کیا۔

فرید احمد پراچہ نے کہا کہ سرمایہ دارانہ معیشت کی وجہ سے ملک زوال کی جانب بڑھ رہا ہے۔ سودی کاروبار سے رحمتیں نہیں بلکہ مصیبتیں نازل ہوتی ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان نے چند سالوں میں قرض کی مد میں چوبیس ارب ڈالر سودادا کیا۔سودی قرض اتارنے کے لیے مزید قرض لینا پڑتا ہے۔ ملک میں ہر پیدا ہونے والا بچہ لاکھ اسی ہزار کا مقروض ہوتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سود کی لعنت نے ملک اور ہماری نسلیں تباہ کر دی ہے۔ زکوة اور عشر کا بہترین نظام ہمارے پاس موجود ہے۔اس وقت ملک میں ٹیکس دینے والوں کی تعداد لاکھوں میں ہے اگر ہم زکوٰ ة کا نظام شروع کر دیں تو یہ تعداد کروڑوں تک پہنچ سکتی ہے۔