ْسودکے خلاف، صرف جماعت اسلامی نہیں پوری قوم کی کامیابی ہے، ڈاکٹرطارق سلیم


راولپنڈی(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ سودی نظام کے خلاف شریعت کورٹ کا فیصلہ صرف جماعت اسلامی نہیں پوری پاکستانی قوم کی فتح اورکامیابی ہے شریعت کورٹ کے جسٹس صاحبان سمیت جدوجہد کرنے والے قائدین،صحافی،وکلاء کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں مدینہ کے نام پرقائم ہونے والے اسلامی ریاست میں سود کوحرام قراردینے میں 75بر س لگ گئے گزشتہ 32برسوں سے جماعت اسلامی کی طویل جدوجہد جاری ہے جس کے بعد اللہ نے کامیابی عطاء کی اس سے قبل نوازشریف حکومت 90کی دہائی میں سودی نظام کے خاتمے اور اسلامی نظام معیشت کے قیام میں رکاوٹ بنی تھی لیکن اب فیصلے پر عملدرآمد میں تاخیریاکسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے،حکومت یا بنک سمیت کوئی بھی معاشی ادار ہ سودی نظام کے خاتمے میں رکاوٹ بناتو عوام اس کاسوشل بائیکاٹ کریں گے، اسلامی ریاست میں اللہ اور اس کے رسول ﷺکے ساتھ جنگ کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے اسلامک سنٹرمیں جمعتہ الوداع کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،وفاقی شریعت کورٹ کے فیصلے پرجماعت اسلامی نے پنجاب سمیت پاکستان بھرمیں جمعتہ الوداع کو یوم تشکرکے طورپرمنایا،27ویں شب کو شکرانے کے نوافل اداکئے گئے جبکہ جمعہ کے اجتماعات میں خطیب اورعلمائے کرام نے عوام کواسلامی نظام معیشت اور سودکی تباہ کاریوں کے بارے میں آگاہی دی۔