راولپنڈی (صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان اور نائب ناظمہ ضلع راولپنڈی عظمی نعیم نے کہاہے کہ قدرت نے پاکستان کے وجود کے لئے اس رات کا انتخاب کیا جو اس نے اپنی کتاب کے نزول کے لئے منتخب کی۔یہ محض اتفاق نہیں بلکہ الحکیم کا مدبرانہ فیصلہ ہے۔یوں قرآن جو نظام زندگی ہے اور پاکستان جو اسلامی نظریے پر وجود میں آیا ،ان میں گہرا ربط سمجھ آتا ہے۔انسانوں کے لئے جو نظام زندگی اس نے مقرر کیا اس کے عملی اظہار کے لئے مسلمانان برصغیر کو انہی کی طلب پر آزاد خطہ بھی انہی قیمتی راتوں میں سے ایک میں عطا کیا۔مگر افسوس چوہتر سال گزرنے کے باوجود پاکستانی قوم اس عہد کو وفا نہ کر سکی جو اس کے اسلاف نے رب سے کیا تھا۔تحریک پاکستان کی نسل اپنی آنکھوں میں اس خواب کو سجائے دنیا سے چلی گئی کہ وہ اس ملک میں قرآن کا نفاذ دیکھ سکیں۔
ان خیالات کا اظہار حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کی ناظمہ ثمینہ احسان اور نائب ناظمہ ضلع راولپنڈی عظمی نعیم نے ستائیسویں شب کے پرنور موقع پر کیا۔اس موقع پر انہوں نے سود کے حوالے سے عدالتی حکم کو سراہتے ہوئے عدلیہ کے ساتھ ساتھ جماعت اسلامی کی نظریاتی محاذوں پر انتھک محنت کا بھی ذکر کیا جن کی سالوں کی کڑی محنت کے بعد یہ دن دیکھنے کو ملا۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے تو ہم اللہ کے اذن سے اپنے بزرگوں کے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے اور یہ خطہ اپنے مقصد وجود کو پالے گا۔ان شا ء اللہ آئیں اس رات میں اللہ سے اپنے دیگر گناہوں کے ساتھ اس عظیم کوتاہی پر بھی معافی مانگیں اور عہد کریں کہ ہم اس مملکت خداداد میں اسلام کے نفاذ کے لئے کوشاں رہیں گے۔ملک وملت کی حفاظت کے لئے بھرپور دعائیں کیجئے اور ایسے حکمران طلب کیجئے جو اس ملک کے مقصد وجود کو پورا کر سکیں۔