جامعات ابھرتے مارکیٹ رجحانات کے مطابق مزید ہنر مند پیشہ ور افراد تیار کریں ،ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جامعات پر زور دیا ہے کہ وہ دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں ہنر مند افرادی قوت کی ضروریات سے نمٹنے کے لئے ابھرتے مارکیٹ رجحانات کے مطابق مزید ہنر مند پیشہ ور افراد تیار کریں ،ہنر مند انسانی وسائل کی بڑھتی مانگ پورا کرنے کیلئے آن لائن اور فاصلاتی تعلیم کو فروغ دینا ہوگا۔

یہ بات انہوں نے ایوانِ صدر میں نیشنل اسکلز یونیورسٹی کی سینیٹ کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ اجلاس میں وائس چانسلر نیشنل اسکلز یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد مختار اور یونیورسٹی کی سینیٹ کے ارکان نے شرکت کی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ جامعات ابھرتے مارکیٹ رجحانات کے مطابق مزید ہنر مند پیشہ ور افراد تیار کریں ،پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ہنر مند افراد کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ طلبا کی تعداد بڑھانے کا منصوبہ تیار کرنے کے لیے اسکلز یونیورسٹی ایک کمیٹی تشکیل دے ،ہنر مند افرادی قوت کی مارکیٹ طلب پورا کرنے کیلئے مختصر کورسز شروع کرنے کی ضرورت ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک بھر کی جامعات میں دوہری شفٹیں شروع کرنا ہوں گی ،ہنر مند انسانی وسائل کی بڑھتی مانگ پورا کرنے کیلئے آن لائن اور فاصلاتی تعلیم کو فروغ دینا ہوگا،

اجلاس میں نیشنل اسکلز یونیورسٹی کے سینیٹ کے تیسرے اجلاس کے منٹس کی بھی منظوری دی گئی،اجلاس میں میر چاکر خان رند یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی، ڈیرہ غازی خان کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت کی بھی منظوری دی گئی ،یادداشت کے تحت اداروں کے درمیان تحقیق، تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارت کے تربیتی پروگراموں کو فروغ دیا جائے گا ۔