وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے سود کے خلاف فیصلے پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہیں،محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے وفاقی شرعی عدالت کی جانب سے سود کے خلاف فیصلے پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ کا جتنا بھی شکر ادا کریں کم ہے ، جماعت اسلامی کی 32سالہ جدو جہد رنگ لے آئی ہے ۔ربا اور اسلامی ریاست دونوں ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے ۔حکومت وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنائے ۔سود اللہ اور اس کے رسول ۖ کے خلاف جنگ ہے اس کا خاتمہ کئے بغیر معاشی ترقی کے خواب دیکھنا ممکن نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں دفاقی شرعی عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کروانے کے لئے سڑکوں پر نکلنا پڑا تو بھی اجتناب نہیں کریں گے ۔ریاست مدینہ کا نعرہ بلند کرنے والوں نے بھی سودی نظام کو بھی مستحکم کیا۔دنیا کی بہت ساری ریاستیں ایسی ہیں جن کو سود نے برباد کر کے رکھ دیا ہے ۔کلمہ طیبہ کے نام پر وجود میں آنے والے اسلامی جمہوریہ پاکستان میں صرف اور صرف اللہ اور اس کے رسول کا نظام ہی کامیابی سے چل سکتا ہے ۔بنکوں کو سودی کاروبار سے روکا جائے ، ہر قسم کا انٹرسٹ ربا کے زمرے میں آتا ہے۔

دریں اثنا ء محمد جاوید قصوری نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں ہوشر با اضافے سے عوام کی زندگی اجیرن ہوجائے گی ۔ موجودہ حکمران نے بھی عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے ۔ چند ڈالروں کے عوض ملک و قوم کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک طر ف عوام کو بجلی دستیاب نہیں ، شہروںمیں 10 اور دیہاتوںمیں18گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے، لوگوں کا برا حال ہے ، کاروبار مفلوج اور پانی قلت سے شہری بلبلا اٹھے تو دوسری جانب بجلی کی فی یونٹ میں اضافہ کرنے کا فیصلہ عوام کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا جہاز بھر کے سعودی عرب کا دورہ کرنا المیہ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ماضی کا وطیرہ اختیار کررکھا ہے۔ یوں محسوس ہوتا کہاکہ جیسے انہوں نے کچھ نہیں دیکھا۔ عوام کی خون پسینے کی کمائی کو حکمران دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔ ایک غیر سرکاری سروے کے 62فیصد لوگوں کو موجودہ حکومت سے بہتری کی کوئی امید نظر نہیں آتی۔ جبکہ 70فیصد لوگ مہنگائی سے تنگ ہیں۔ 51فیصد لوگ ملک کے اندر قبل از وقت انتخاب چاہتے ہیں۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج مہنگائی پر کنٹرول حاصل کرنا ہے۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی عوام کوریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔ ناجائز منافع خوروں اور گرانفروشوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔