پی ٹی آئی، ق لیگ کی حمزہ شہبازکے حلف سے متعلق فیصلے کیخلاف انٹراکورٹ اپیل دائر


لاہور(صباح نیوز)تحریک انصاف اور ق لیگ کے ممبران اسمبلی نے حمزہ شہباز کے حلف سے متعلق فیصلے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائرکردی۔

لاہور ہائی کورٹ میں دائر انٹرا کورٹ اپیل میں تحریک انصاف اور ق لیگ کی جانب سے حمزہ شہباز، وزیراعظم اور صدر کو بذریعہ سیکرٹری اور گورنر کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری فریق بنایا گیا ہے۔

دونوں جماعتوں کے ممبران اسمبلی نے انٹراکورٹ اپیل میں موقف دیا کہ لاہورہائیکورٹ کا فیصلہ آئین اور قانون کیخلاف ہے۔انٹراکورٹ اپیل میں موقف دیا گیا کہ ہائیکورٹ کی جانب سے حلف کی معیاد مقررکرنا صدر اور گورنر کی عہدے کی توہین ہے۔

لاہورہائیکورٹ کے پاس گورنر اور صدر کیخلاف کوئی بھی کارروائی کرنے کا اختیار نہیں ہے۔اپیل میں مقف اختیار کیا گیا کہ آئین کا آرٹیکل 248صدراور گورنر کو مکمل تحفظ فراہم کرتا ہے۔

عدالت سے استدعا ہے کہ ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کا گورنرپنجاب کو حلف سے متعلق دیا گیا فیصلہ کالعدم قراردے۔