اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف والے الیکشن کمیشن سے نہ لڑیں بلکہ فارن فنڈنگ کی چوری کا کیس لڑیں، غنڈہ گردی کی تو قانون آپ کے سامنے کھڑا ہوگا، جمہوری حکومت آنے سے ملک میں سکون اور چند آئین شکن بے سکون ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آئین، پارلیمنٹ اور عدلیہ کے بعد الیکشن کمیشن سے غنڈہ گردی نہ کریں، آئین، قانون اور اداروں کا احترام کریں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ غنڈہ گردی کی تو قانون آپ کے سامنے کھڑا ہوگا، جمہوری حکومت آنے سے ملک میں سکون اور چند آئین شکن بے سکون ہیں،عوام کو اب سکون ہے کہ روز کی گھبراہٹ اور بے سکونی سے نجات ملی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرسی کے نشے میں مبتلا ٹولہ حالت گھبراہٹ میں ہے، مفت کی روٹی بند ہونے کے بعد ایسی حالت ہوہی جاتی ہے، انتشار چند ذہنوں تک محدود ہوگیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ملک اب استحکام، ترقی اور خوشحالی کی سمت چل پڑا ہے، مہنگائی، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور معیشت کی روانی پر جنگی بنیادوں پر کام جاری ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم سے جنگ کرنے والوں سے عوام نمٹ لیں گے، ہم نے قوم کو مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ سے سکون دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف مہنگائی، بیروزگاری اور لوڈشیڈنگ کو ختم کرکے دم لیں گے، گھبراہٹ صرف عوام کو 4 سال گھبراہٹ میں ڈالنے والوں پر طاری ہے۔