اسلام آباد :(صباح نیوز)وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک کے حساس اضلاع میں انسداد پولیو کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں وزیر صحت عبدالقادر پٹیل، وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب، صوبائی چیف سیکریٹریز، متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی،
وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کوہدایت کی کہ وہ انسداد پولیومہم کو تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر چلائیں تاکہ ملک سے اس ناسور کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکے۔انہوں نے اس سلسلے میں جنوبی خیبرپختونخواہ کے اضلاع بلخصوص شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اور بنوں پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے ان بچوں کی ویکسینیشن کو یقینی بنانے کی ہدایت کی جن کو کسی وجہ سے اب تک ویکسین نہیں لگائی جاسکی۔انہوں نے عوام کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی، تاکہ پولیو کے پھیلا کو سختی سے روکا جا سکے۔وزیر اعظم نے پولیو کے پھیلا وکو روکنے کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ڈپٹی کمشنرز کو پاکستان کے قومی دن پر قومی ہیروز کے طور پر پزیرائی دینے کی ہدایات جاری کیں۔