لاہور (صباح نیوز) پاکستان بار کونسل ،سپریم کورٹ بار ا ور لاہور ہائیکورٹ بارایسوسی ایشنز نے الیکشن کمیشن کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ موجودہ الیکشن کمیشن انتہائی قابل اور ایماندار لوگوں پر مشتمل ہے، موجودہ الیکشن کمیشن کو سابق وزیراعظم نے خود تعینات کیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ بار میں پاکستان بار کونسل، سپریم کورٹ بار اور لاہور ہائیکورٹ بار کے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن احسن بھون نے پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن کو متنازع نہ بنائیں، موجودہ حکومت الیکشن کمیشن میں خالی دو اسامیوں کو پر کرے، الیکشن کمیشن کو متنازع بنانا ملک کے خلاف سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے عدالتی فیصلوں پر تنقید ہو سکتی ہے مگر عدالتوں پر تنقید کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔احسن بھون نے کہا کہ سپریم کورٹ نے حالیہ دنوں میں آئین اور قانون کی بحالی کیلئے بہترین کام کیا مگر سوشل میڈیا پر ایک گروہ عدلیہ کیخلاف زہر اگل رہا ہے جس کی پھر پور مذمت کرتے ہیں۔
صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے کہا کہ عمران خان نے جس الیکشن کمیشن کی خود تعیناتی کی، آج اسی پر عدم اعتماد کر رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جمہوری نظام ڈی ریل ہوا تو نقصان سب کا ہوگا۔اس موقع پر وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمن چوہدری اور صدر لاہور ہائیکورٹ بار سردار اکبر ڈوگر نے جج صاحبان اور ان کی فیملیز پر تنقید فوری بند کرنے کا مطالبہ کیا۔