وزارت اعلیٰ کے حلف کا معاملہ، حمزہ شہباز کی نئی درخواست دائر


لاہور(صباح نیوز)وزارت اعلیٰ کا حلف نہ لینے کے معاملے پر حمزہ شہباز نے لاہور ہائیکورٹ میں نئی درخواست دائر کردی ۔

حمزہ شہباز کی جانب سے دائر کی گئی نئی درخواست میں وفاقی اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں وزیراعظم کو بذریعہ پرنسپل سیکرٹری فریق بنایا گیا ، صدر، چیئرمین سینیٹ کو بذریعہ سیکرٹری فریق بنایا گیا ہے۔نئی دائر کردہ درخواست میں ہائیکورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کی استدعا کی گئی ۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے صدر پاکستان کو حلف کیلئے نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کی تھی،تاہم عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔حمزہ شہباز نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ عدالت کے حکم پر عملدرآمد کے لیے احکامات جاری کئے جائیں۔