2005 کے بعد بے سہارا، یتیم اور بے گھر بچیوں کے لیے اسلام آباد میں قائم’’ہمارا گھر‘‘ کی بیٹیاں اب بڑی ہو گئی ہیں۔ اس دوران اور بھی کئی بیٹیاں ہمارا گھر کے خاندان کا حصہ بن چکیں اور اب ان کی کل تعداد کوئی 92تک پہنچ چکی ہے۔یہ بچیاں پہلی جماعت سے لے کرگریجویشن تک تعلیم بھی حاصل کر رہی ہیں۔ ہمارا گھر کی پانچ بیٹیاں تو اب قائداعظم یونیورسٹی جبکہ دو بچیاں اسلامک یونیورسٹی میں بھی تعلیم حاصل کر رہی ہیں۔ چند ایک بچیوں کی شادی بھی ہو چکی ہے۔’’ہمارا گھر‘‘ کی ان بیٹیوں کا اس وقت سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ان کا اپنا گھر ابھی تعمیر نہیں ہوا۔ ’’ہمارا گھر‘‘ ایک کرائے کی عمارت میں قائم ہے۔ ان بچیوں کے اپنے گھر کے لیے مخیر حضرات کے تعاون سے ڈی 12 سیکٹر سے ملحق علاقے میں پلاٹ لیا جا چکا ہے۔ بجلی کا کنکشن اور ٹرانسفارمر بھی لگ گیا جب کہ پانی کے لیے بورنگ بھی ہو چکی۔ اب ’’ہمارا گھر‘‘ کی ان بیٹیوں کے لیے اپنے گھر کی تعمیر کے لیے پیسہ درکار ہے۔ گزشتہ دو تین سال کورونا کی وجہ سے ویسے ہی ’’ہمارا گھر‘‘ کی بیٹیوں کے اخراجات کے لیے کافی مشکل رہی۔ کورونا کے دوران معاشی مسائل کے باعث بہت سے مخیر حضرات جو ’’اپنا گھر‘‘ کی انتظامیہ کے ذریعے بچیوں کو ماہانہ وظیفہ ادا کرتے تھے اُنہوں نے یہ فنڈنگ روک دی جس سے روز مرہ کی ضروریات اور کرایے کی بلڈنگ جہاں ’’ہمارا گھر‘‘ کی بیٹیاں ابھی مقیم ہیں کے اخراجات پورے کرنا بھی ایک مسئلہ بن گیا ہے۔’’ہمارا گھر‘‘ انتظامیہ کو ان بچیوں کے ماہانہ وظیفے اور اپنے گھر کی تعمیر کے لیے درد دل رکھنے والے مخیر افراد کی مدد درکار ہے۔ تعمیر کے کام کے لیے بچیوں کے ایک ہاؤس پر اخراجات کا تخمینہ کوئی دس لاکھ روپے ہے۔مجموعی طور پر 13 ہاؤس تعمیر کرنے ہیں جن کے علاوہ سکول بھی اسی بلڈنگ کا حصہ ہو گا جس میں دس کلاس رومز ہوں گے۔ اس کے علاوہ ایک مسجد بھی تعمیر کی جائے گی۔ تعمیر کا مجموعی تخمینہ کوئی دو کروڑ اسی لاکھ ہے۔ اس کے علاوہ چند ایک بچیاں گریجویشن بھی کر رہی ہیں جن کی سمسٹر فیس بیالیس ہزار ہے۔ ’’ہمارا گھر‘‘ کی ایک بچی کا ماہانہ خرچ کوئی دس ہزار کے قریب ہے۔ ان بچیوں کے بہتر مستقبل کے لیے اور اپنے لیے آخرت کمانے کی خاطر مخیر حضرات سے درخواست ہے کہ ’’ہمارا گھر‘‘ کی مالی مدد کریں۔ اپنی تسلی اور اگر کچھ معلومات درکار ہوں تو ’’ہمارا گھر‘‘ کے منتظم طارق ستی (جو اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر یہ نیک کام کر رہے ہیں) سے موبائل نمبر 03217928888 پر رابطہ ہو سکتا ہے۔ ’’ہمارا گھر‘‘ کے بنک اکاؤنٹ کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
Hamara Ghar Welfare Trust, Account No: 0010078692110019, Branch code 1055, Swift Code ABPAPKKA, IBAN#: PK15ABPA0010078692110019. Allied Bank Ltd. D-12 Markaz, Islamabad.
ایبٹ آباد حویلیاں میں غریب شہریوں کو مفت ڈائلیسز کی سہولت فراہم کرنے کے لیے کڈنی سینٹر قائم کرنے والے ڈاکٹر خلیل الرحمٰن نے مجھے بتایا کہ وہ اب اس کڈنی سینٹر کو مزید توسیع دے پچاس بستروں پر مشتمل ہسپتال بنا رہے ہیں جس میں آئی سی یو کی سہولت بھی دستیاب ہو گی۔ ڈاکٹر صاحب کے مطابق جب یہ پروجیکٹ مکمل ہو گیا تو پھر اللہ کے کرم سے یہاں کڈنی ٹرانسپلانٹ کی بھی سہولت میسر ہو گی۔ ابھی یہ کڈنی سنٹر ہزاروں مریضوں کا مفت علاج کرتا ہے۔ اس سینٹر میں تقریبا 70 فیصد مریضوں کا مفت ڈائلسز کیا جاتا ہے۔ اس سنٹر کے موبائل یونٹس بھی ہیں جو دیہی علاقوں میں جا کر لوگوں کی اسکریننگ کر کے کڈنی کے مرض کی تشخیص اور اسٹیج کا تعین کر نے کے ساتھ ساتھ متعلقہ بیماریوں کی تشخیص بھی کرتے ہیں۔ ایسے افراد جو ڈاکٹر خلیل الرحمٰن صاحب کے ادارے کی مدد کرنا چاہیں وہ ان سے موبائل نمبر 03005598569پر رابطہ کر سکتے ہیں۔پاکستان ویلفیئر سوسائٹی ٹرسٹ جس کی زیر نگرانی یہ کڈنی سنٹر چلایا جا رہا ہے، اس کی اکاؤنٹ تفصیلات مندرجہ ذیل ہیں:
Account Title- Trust Pakistan Welfare Society
Account No: 001009963110010; Branch code 0750; Allied Bank of Pakistan, G-10 Markaz Islamabad.
بشکریہ روزنامہ جنگ