سودی نظام نے ہمارے ملک کی معیشت کو تباہ وبرباد کر دیا ہے۔ڈاکٹر فرید پراچہ


لاہور( صباح نیوز ) جماعت اسلامی کے مرکز ی نائب امیر ڈاکٹر فرید احمد پر اچہ نے کہا ہے کہ سودی نظام نے ہمارے ملک کی معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ہے۔اسلام میں سود حرام ہے اسے ختم ہونا چاہئیے ۔یہ اللہ اور رسول ۖ سے جنگ ہے جسے کوئی بھی جیت نہیں سکتا۔میں چیف جسٹس وفاقی شرعی عدالت کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میری سود کے خلاف پٹیشن پرفیصلہ سنانے کے لئے  27ویں شپ اور 26 رمضان المبارک کا دن مقرر کیا ہے۔ان شاء اللہ یہ تاریخی فیصلہ ہو گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این سی 96 اسلام پورہ میں ملک محمد منیر،خلیق احمد بٹ، ندیم ابرہیم، حافظ غلام اکبر خان اور محمد امین کی جانب سے دیئے گئے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ملک محمد منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کو مسائل سے نکالنے کے لئے اسلامی نظام نافذ کرنا ہوگا۔ملک کا آئین قومی وحدت کی علامت ہے مگر اس وقت مظلوم بن چکاہے۔ملک کا سب سے بڑا صوبہ بغیر وزیر اعلیٰ کے چل رہا ہے۔پولیس جلسے جلوسوں کی سکیورٹی پر معمور ہے۔جس کی وجہ سے جرائم پیشہ افراد بلا خوف خطرچوری ڈکیتی کی وارداتوں انجام دے رہے ہیں ۔سڑیٹ کرائم کی شرح میں 200فی صد اضافہ ہو چکا ہے۔اس افرتفری کی کیفیت کو ختم کرنے کے لئے ملک میں فوری طور پر الیکشن کروائے جائیں۔