سری نگر(کے پی آئی) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ جموں سے قبل ضلع کٹھوعہ سے پانچ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیاہے۔بھارتی پولیس نے خفیہ ایجنسیوں کے ہمراہ ضلع کٹھوعہ کے علاقے مرہین میں ایک گھر پر چھاپے کے دوران پانچ کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کیا۔
گرفتار کئے گئے نوجوانوں کے موبائل فون بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔بھارتی وزیر اعظم 24 اپریل کو ضلع سانبہ کے علاقے پالی گائوں کا دورہ کر رہے ہیں اور دورے سے قبل علاقے کی سیکورٹی سخت کردی گئی ہے ۔وزیر اعظم مودی کے دورہ جموں وکشمیر کیلئے سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔جموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ سیکورٹی کی ذمہ داری اسپیشل پروٹیکشن گروپ نے اپنے ذمے لی ہے ۔
تمام سیکورٹی ایجنسیاں ہائی الرٹ پر ہیںجموں پٹھان کوٹ قومی شاہراہ پر کئی ایک مقامات پر ناکے لگائے گئے ہیں ۔ ان ناکوں پر گاڑیوں کو روک کر ان کی تلاشی لی جاتی ہے ۔جموں شہر میں مختلف سڑکوں بالخصوص ائرپورٹ روڑ پر موبائل چیک پوائنٹس قائم کئے گئے ہیں جہاں پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔
جموں صوبے میں چپے چپے پر فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ مشکوک نظر آنے والے افراد کو بغیر چیکنگ کے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہیں۔