لاہور( صباح نیوز ) جماعت اسلامی کے سینئر رہنما اور پختون امن جرگہ لاہور کے مرکزی چیئرمین ارشد خان بونیر ی نے کہا ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری کی وجہ سے ہر شخص پریشان حال ہے۔اشیاء خوردو نوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔ سستے رمضان بازاروں میں دو گھنٹے بعد جب باری آتی ہے تو ایک کلو پیا ز اور آدھا کلو ٹماٹر تھما دیئے جاتے ہیں۔چینی کے حصول کے لئے بھی لمبی لمبی لائنوں میں لگنا پڑتا ہے۔شہر لاہور میں مزدور ی کے لئے آئے ہوئے پختونوں سے پولیس و دیگر سرکاری محکموں میںناروا اورہتک آمیز سلوک کیا جاتا ہے۔ تلاشی کے بہانے خوار کیا جاتا ہے۔جس کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔حکومت مہنگائی ختم اور پختونوں کو عزت دے یہ بھی کسی سے کم محب وطن نہیں ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ارشد خان بونیر کا کہنا تھا کہ نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کو تحریری طور پر پختونوں کے مسائل سے آگاہ کر دیا ہے۔
لیاقت بلوچ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ پختونوں کے مسائل کے حل کیلئے جماعت اسلامی ہر سطح پر آواز بلند کرے گی اورہر ان کو ہر ممکن امداد فراہم کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی بلا رنگ و نسل اور پارٹی وابسطگی جانے بغیر انسانیت کی خدمت کے لئے کوشاں ہے۔او ر لیاقت بلوچ سے جیسے لیڈر جماعت اسلامی کا قیمتی سرمایہ ہیں جن کے دروازے سب کے لئے 24گھنٹے کھلے ہیں۔