معزز ایوان اکھاڑوں کے منظر پیش کررہے ہیں،عرفان یوسف


لاہور( صباح نیوز) جماعت اسلامی کے رہنماچوہدری  محمد عرفان یوسف نے کہا ہے کہ اسمبلیوں میں آئین اورقانون کا مذاق اڑایا جارہا ہے۔ معزز ایوان اکھاڑوں کے منظر پیش کررہے ہیں۔ جو دنیا بھر میں جگ ہنسائی کاباعث بن رہا ہے۔ مافیا بے لگام ہو چکا ہے۔چند دنوں میں مہنگائی میں کئی گنا اضافہ ہو چکا ہے۔عا م آدمی اور سفید پوش طبقہ شدید مشکلات کا شکار ہے ۔  عوام کیلئے دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ترین امر بن چکا ہے۔ ظالم حکمران رمضان المبارک کے مبارک  اور عیدالفطر کی آمد سے قبل عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے گزشتہ روز اپنی رہائشگاہ پر امیر جماعت اسلامی پاکستان کے اعزاز میں دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ افطار ڈنر میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم، امیر صوبہ پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری، امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہد، نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب وسطی وقاص بٹ، عبدالعزیز عابد، چوہدری عبدالواحد، محمد رضوان یوسف سمیت مذہبی، سیاسی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

چوہدری محمد عرفان یوسف کا کہنا تھاکہ دنیا بھر میں مذہبی تہواروں کے موقع پر عوام کو ریلیف فراہم کیا جاتا ہے مگر بدقسمتی سے اسلامی فلاحی ریاست پاکستان میں عوام کو مختلف ناجائز طریقوں اور حیلے بہانوں سے دونوں ہاتھوں سے لوٹا جاتا ہے۔ ملک و قوم کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی و بے روزگاری ہے جس نے عوام کی چیخیں نہیں بلکہ سانسیں بھی بند کررکھی ہیں۔