قومی لیڈروں کو عدالتی فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے چیف جسٹس کے ریمارکس کا خیرمقدم کرتے ہیں، محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے چیف جسٹس عمر عطابندیال کی جانب سے ریمارکس” قومی لیڈروں کو عدالتی فیصلوں کا دفاع کرنا چاہیے ”پر ردعمل کا اظہار کرتے کہا ہے کہ سیاسی قیادت کو اداروں کو سیاست میں نہیں گھسیٹنا چاہیے ۔اداروں کا احترام ازحد ضروری ہے ۔نظریہ ضرورت ہمیشہ ہمیشہ کے لیے دفن ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی ماحول کو خراب کرنے سے اجتناب کیا جائے اوراس حوالے سے اخلاقیات کو ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہیے ۔انتقامی اور،سیاسی دشمنی کا کلچر انتہائی خطرناک ہوگا ۔تمام سیاسی جماعتیںآئین وقانون کے دائرہ کارمیں رہتے ہوئے اپنا مثبت کرداراداکریںتاکہ ملک وقوم ترقی کی منازل طے کر سکیں۔ملک وقوم کو درپیش مسائل کا حل صرف اور صرف نئے انتخابات میں پہناں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی بھرپور انداز میں شرکت کرئے گی ۔ پڑھے لکھے اور با کردار نوجوانوں کو میدان میں اتاریں گے ۔جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس میں موروثیت نام کی کوئی چیز نہیں۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ سوئیڈن اورنیدرلینڈمیں قرآن پاک کی بے حرمتی کا اعلان اورغزہ میں اسرائیلی پولیس کا مسجد اقصی میں نمازیوں پر تشدد کرنا قابل مذمت ہے ۔اوآئی سی اورعالمی برادری اس کا نوٹس لے اور اشتعال انگیزی سے روکا جائے ۔آزادی اظہار کی آڑ میں مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی کسی کوبھی اجازت نہیں دی جاسکتی ۔دنیا کو اپنا دوہرا معیار بدلنا ہوگا ۔