سری لنکن شہری قتل کیس کافیصلہ کل سنایا جائے گا


لاہور(صباح نیوز) سیالکوٹ میں سری لنکن شہری قتل کیس کا فیصلے کل( پیر کو) سنایا جائے گا۔ انسداد دہشت گردی عدالت(اے ٹی سی)نے سری لنکن شہری کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ کوٹ لکھپت جیل میں سنانے کا فیصلہ کر لیا۔

قتل کیس میں گواہان کے بیانات قلمبند کرنے اور فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا ہے۔ سری لنکن شہری کو بچانے کی کوشش کرنے والے فیکٹری مینجر نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کروا دیا۔

واضح رہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کے قتل کیس میں 89 ملزمان پر فرد جرم عائد کی تھی جبکہ ایک ملزم عدنان کو جس نے اعتراف جرم کر لیا تھا سے تین ماہ قبل ایک سال کی قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی۔

عدنان نے واقعے کی ویڈیو یوٹیوب پر اپ لوڈ کی تھی جس میں ملزمان کے کردار کو درست قرار دیا گیا تھا۔سری لنکن شہری کو گزشتہ سال دسمبر میں قتل کیا گیا تھا