خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے درخواست دائر


لاہور(صباح نیوز)لاہورہائیکورٹ میں سابق وفاقی وزیرخسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے درخواست دائر کر دی گئی۔ احسن عابد ایڈووکیٹ کی جانب سے لاہورہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی جس میں نیب، خسرو بختیار اور ہاشم بخت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے درخواست میں موقف پیش کیا کہ خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے اورانہیں ظاہرنہیں کیا۔وکیل درخواست گزار احسن عابد ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ خسرو بختیار کے ان کے بھائی کے اثاثے اربوں تک پہنچ چکے ہیں، دونوں صادق و امین نہیں ہیں۔

ایڈووکیٹ احسن عابد نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ خسرو بختیار اور ہاشم جواں بخت کے خلاف نیب تحقیقات فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی جائے۔درخواست میں یہ بھی عدالت سے استدعا کی گئی کہ سابق وفاقی وزیر خسرو بختیار اور ان کے بھائی کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا حکم دیا جائے۔