سری نگر(کے پی آئی) بھارتی فوجی کارروائی میں4 کشمیری نوجوانوں کی شہادت پر جنوبی کشمیر میں ہڑتال رہی ، شہادتوں کے خلاف کئی مقا مات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔
بھارتی فوج کی 44 راشٹریہ رائفلز، سی آر پی ایف اور جموں و کشمیر پولیس نے بڈی گام شوپیاں میں گزشتہ روز محاصرے اور تلاشی کارروائی میں4 کشمیری نوجوانوں عاقب فاروق ٹھوکر، وسیم احمد ٹھوکر،فاروق احمد بٹ،شوقین احمد میر کو شہید کر دیا تھا۔
مارے جانے والے چاروں نوجوان مقامی تھے ۔ عاقب فاروق ٹھوکر ولد فاروق احمد اور وسیم احمد ٹھوکر ولد عبدالغنی ٹھوکر ساکن ہف کڈی زینہ پورہ،فاروق احمد بٹ ولد عبدالاسلام بٹ اور شوقین احمد میر ولد محمد عبداللہ میر ساکنان سوگن زینہ پورہ کے رہنے والے تھے۔ بھارتی فوج نے چاروں کی لاشیں تدفین کے لیے لواحقین کے حوالے نہیں کیں بلکہ انہیں نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔ آئی جی پی کشمیر وجے کمارنے دعوی کیا ہے کہ مارے جانے والے عسکریت پسند تھے اور ان کا تعلق لشکر طیبہ سے تھا۔