لاہور (صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کی بازیابی کے حوالے سے دائردررخواست پرپولیس سے رپورٹ طلب کر لی۔
جمعہ کو لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس محمد وحید خان نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے موجود24منحرف ارکان کی بازیابی کے حوالے سے دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے پولیس سے درخواست پر 18اپریل کو رپورٹ طلب کر لی۔
پی ٹی آئی رہنما سبطین خان کی جانب سے درخواست لاہور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی ۔ درخواست میں مئوقف اختیار کیا گیا کہ مسلم لیگ (ن)کے پی ٹی آئی کے24 اراکین پنجاب اسمبلی کو لاہور کے نجی ہوٹل میں حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے لہذاان کو بازیاب کرایا جائے۔
دوران سماعت پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ انہوں نے پی ٹی آئی کے دواراکین سے رابطہ کیا ہے اور باقیوں سے بھی رابطہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ عدالت نے پولیس کو ہدایت کی کہ تفصیلی رپورٹ18اپریل کو جمع کرائی جائے۔
درخواست گزار نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں نئے وزیر اعلیٰ کاانتخاب ہونے جارہا ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن)نے پی ٹی آئی کے24اراکین اسمبلی کو حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے۔سبطین خان کی جانب سے درخواست میں (ن)لیگ کے وزیر اعلیٰ پنجاب کے امیدوار محمد حمزہ شہباز شریف، سی سی پی او لاہور اوردیگر کو فریق بنایا گیا۔