پاکستان کے حکمران امریکی دباؤسے نکل کر افغانستان کی حکومت کو تسلیم کریں۔


لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کی ستائیسویں شب کو پاکستان کا قیام عمل میں آیا۔ ستر سالہ تاریخ بتاتی ہے کہ ملک کا نظام قرآن و سنت کے بغیر نہیں چل سکتا۔ وطن عزیز کو امریکا چلا سکتا ہے نہ روس، ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف چلا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے حکمران مغربی طاقتوں کے غلام ہیں۔ حکمرانوں نے امریکی دباؤ پر افغانستان کو تسلیم نہیں کیا۔ حکمران اشرافیہ نعرے امریکا کے خلاف لگاتی ہیں، لیکن عمل واشنگٹن کے احکامات پر کرتی ہیں۔ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے ”گو امریکا گو“ تحریک چلائی۔ جماعت اسلامی اقتدار میں ہوتی، تو افغانستان کی حکومت جو امریکا کو بھگانے کے بعد وجود میں آئی، اب تک تسلیم کر لیتی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گلشن معمار کالونی میں افطار پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔