قرآن و حدیث کے احکامات کے مطابق ربا حرام مطلق ہے ،شجاع الدین شیخ


لاہور (صباح نیوز) تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ قرآن و حدیث کے احکامات کے مطابق ربا حرام مطلق ہے ۔ یہ بات تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ 1991 میں وفاقی شرعی عدالت نے کو ربا قرار دینے کا معرک الارا فیصلہ دیا تھا لیکن گزشتہ 30 برس کے دوران مختلف حکومتوں اور ملک کے معاشی اداروں نے اس فیصلے کو کالعدم کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگایا۔ 2002 میں مغرب کا خوف اس حد تک دکھائی دیا کہ ایک عدالتی فیصلہ کے ذریعے سود کے حرام مطلق ہونے کے حوالے سے 1991 کے وفاقی شرعی عدالت اور 1999 کے سپریم کورٹ کے شریعت ایپیلٹ بنچ کے فیصلوں کو کالعدم قرار دیتے ہوئے معاملہ فیڈرل شریعت کورٹ کو دوبارہ ریمانڈ کر دیا گیا۔

تنظیم اسلامی خاص طور پر 2015 کے بعد سے اس کیس کی پیروی دوسری اسلامی جماعتوں کے ساتھ مل کر کر رہی ہے اور ایک طویل جدوجہد کے بعد 12 اپریل 2022 کو فیڈرل شریعت کورٹ میں فریقین کے دلائل اور بحث مکمل ہونے پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا۔ ہمیں یقینِ واثق ہے کہ فیڈرل شریعت کورٹ کے معزز جج صاحبان اللہ اور رسول ۖ کے احکامات پر مبنی فیصلہ، رمضان المبارک کے ماہِ مقدس میں سنا دیں گے جس سے پاکستان کی معیشت سے سود کے مکمل خاتمہ کی راہ ہموار ہوگی تاکہ ہم اللہ اور رسول ۖ سے اس جنگ کو ختم کریں اور دنیا اور آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔