پی ٹی آئی کو جواب دینے کیلئے ن لیگ کا عیدالفطر کے فوری بعد پنجاب میں جلسوں کا فیصلہ


لاہور(صباح نیوز)  مسلم لیگ(ن)نے تحریک انصاف کے جلسوں کے جواب میں پنجاب کے بڑے شہروں میں جلسے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن)نے تحریک انصاف کے جلسوں کے جواب میں اپنی حکمت عملی تیار کرلی ہے، ن لیگ نے عیدالفطر کے فوری بعد پنجاب کے بڑے شہروں میں عوامی جلسوں کا فیصلہ کیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق جلسوں سے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز مشترکہ طور پر خطاب کریں گے، مسلم لیگ ن کی قیادت نے پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ خاں کو جلسوں کا شیڈول تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے، مسلم لیگ ن نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بھی سرگرمیاں شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ذرائع کے مطابق حکمت عملی کے تحت مریم نواز، حمزہ شہباز عوامی محاذ جبکہ شہباز شریف حکومتی محاذ سنبھالیں گے، ن لیگ کے قائد نواز شریف نے شہباز شریف کو مزید عوامی ریلیف دینے کی ہدایت کر دی۔

ذرائع کے مطابق پارٹی قائد کی ہدایت پر شہباز شریف عنقریب عوام کو اشیائے خوردونوش اور پیٹرولیم مصنوعات میں ریلیف دیں گے، وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی معاشی ٹیم کو عوامی ریلیف دینے کے حوالے سے اہم ہدایات بھی دے دیں۔