راولپنڈی ( صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاہے کہ میجارٹی قومی وصوبائی امیدوارفائنل کردئیے صوبے بھرمیں ورکرزکنونشن منعقد کریں گے کارکنان انتخابات کی تیاری کریں، امیدوارالیکشن آفس بناکرعوام سے قریبی رابطہ رکھیں مستقبل جماعت اسلامی کی دیانتدارقیادت کا ہے۔
ان خیالات کااظہارانھوں نے صوبائی پارلیمانی بورڈ اور جائز ہ اجلاس میں اظہارخیال کرتے ہوئے کیا۔صوبائی سیکرٹری جنرل اقبال خان ،صدرسیاسی وپارلیمانی کمیٹی ڈاکٹر مبشراحمدصدیقی،نائب امرائے صوبہ حافظ تنویراحمد،محمدضیغم مغیرہ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹر ی جنرل رسل خان بابر،حسن جاویدایڈووکیٹ،صوبائی سیکرٹری اطلاعات انعام الحق اعوان صوبائی صدرجے آئی یوتھ اویس اسلم مرزا سمیت صوبے بھرسے امرائے اضلاع ودیگرذمہ داران بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔
اس موقع پرصوبے کی تمام قومی وصوبائی حلقوں کی نشستوں پرامیدواران کاجائزہ لیا گیا ۔ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ پرتشدد سیاست نریندرمودی اوربی جے پی کی پہچان ہے پاکستان میں پرتشدد سیاست کی کوئی گنجائش نہیں سیاسی کارکنان چندناعاقبت اندیش سیاسی رہنمائوں کے پرتشددبیانیے کوپروان چڑھانے کی بجائے سیاست میں محبت کوفروغ دیں ، سابقہ وزیراعظم نے امیدوں کے مینارتعمیرکرکے نوجوانوں کی امیدوں کا خون کیا نوجوان مایوسی کی بجائے جماعت اسلامی کاساتھ دیں دیانتدارقیادت ہی ملک وقوم کے مسائل حل کرسکتی ہے نوجوان اپنا استحصال کرنے والوں سے ووٹ کی قوت کے ذریعے انتقام لیں ۔
ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ حکومت محدودوفاقی کابینہ کے ساتھ بیوروکریسی کی شاہ خرچیوں پرقابو پاتے ہوئے مہنگائی میں پسے عوام کوریلیف دے ۔پٹرول ،ادویات ،بجلی ،اشیائے خوردونوش سمیت دیگرضروریات کوعوام کی قوت خرید تک لایاجائے ۔