اوور سیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینے پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ذاتی حیثیت میں طلب


لاہور(صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے اوور سیز پاکستانیوں کو بلدیاتی الیکشن میں ووٹ کا حق نہ دینے کے خلاف درخواست پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔لاہور ہائیکورٹ میں اوور سیز پاکستانیوں کو بلدیاتی الیکشن میں ووٹ کا حق نہ دینے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

عدالت نے وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کو طلب کرنے کا عندیہ دے دیا۔ جسٹس شجاعت علی نے ریمارکس دیئے کہ کیوں نا عدالت وزیر اعظم اور وزیر اعلی پنجاب کو طلب کرے، اتنا اہم نوعیت کا معاملہ ہے مگر کوئی سنجیدہ نہیں ہے۔

جسٹس شجاعت علی خان نے کہا کہ وزیراعظم جب بیرون ملک دورے پر جائیں تو اوورسیز پاکستانی ان سے سوال کریں، اوورسیز پاکستانی سالانہ ملین ڈالرز بھیجتے ہیں، ان کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، اگر آئندہ حکم عدولی ہوئی تو وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کو طلب کروں گا۔

جسٹس شجاعت علی خان نے سرکاری وکیل کے دلائل کی مزید مہلت مانگنے پر اظہار برہمی بھی کیا۔