لاہور(صباح نیوز) سپیکرپنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ڈپٹی سپیکر دوست محمد مزاری کے اختیارات کی بحالی کے خلاف اپیل دائر کردی۔
گزشتہ روز چوہدری پرویزالٰہی کی طرف سے امتیازصدیقی ایڈووکیٹ کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں انٹرا کورٹ اپیل دائر کی گئی۔درخواست میں ڈپٹی سپیکردوست محمد مزاری، سیکرٹری اسمبلی، آئی جی پنجاب، چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا۔
سپیکر صوبائی اسمبلی نے درخواست میں موقف پیش کیا کہ چیف جسٹس نے ڈپٹی سپیکر کے اختیارات بحالی پرقانون کا غلط اطلاق کیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے اسمبلی رولزاورآئین کو نظر انداز کرکے ڈپٹی سپیکر کے اختیارات بحال کیے۔
درخواست میں یہ بھی موقف اختیار کیا گیا کہ اگر کسی کو اختیار دیا جائے تو واپس لینے کا اختیار ہونے کا مسلمہ اصول اعلیٰ عدالتیں طے کرچکی ہیں۔
پرویزالٰہی کی درخواست میں یہ بھی کہا گیا کہ دوست مزاری کو وزارت اعلیٰ انتخاب کرانے کی اجازت دینا قانون کی خلاف ورزی ہے۔ ڈپٹی سپیکر کی ہائیکورٹ دائر کی گئی درخواست ہی ناقابل سماعت تھی۔
وکیل درخواست گزار نے یہ موقف دیا کہ اسمبلی کی کارروائی کو آئینی دائرہ اختیار میں عدالت میں نہیں لایا جا سکتا۔ دوست مزاری کے اختیارات بحالی کا سنگل بنچ کا فیصلہ غیرقانونی وغیرآئینی قرار دے کر کالعدم کیا جائے۔
سپیکرصوبائی اسمبلی پنجاب نے درخواست میں استدعا کی کہ درخواست کے حتمی فیصلے تک چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔