لاہور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف زہریلا پروپیگنڈا کرنیو الے دشمن قوتوں کا کام آسان کررہے ہیں۔ جو شخص آئین و قانون کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے اداروں کی بالادستی کی بات کرتا تھا ، آج وہی اپنے خلاف فیصلہ آنے پر عوام میں انتشار پیدا کررہا ہے۔ ملک و قوم پہلے ہی شدید بحرانوں کا شکار ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز منصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت کے سامنے بہت سارے چیلنجز ہیں ۔ وزیر اعظم شہباز شریف کو تنقیدی آوازوںکو ہدف بنانے اور وقت ضائع کرنے کی بجائے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنا ہوگا۔ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ہے۔ مگر عوام کو ریلیف نام کی کوئی چیز میسر نہیں۔ عوام بد حال ہیں۔ ملک کے اندر معاشی ترقی مکمل طور پر رک چکی ہے۔ سرمایہ داروں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ بین الاقوامی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی فچ نے پاکستانی معیشت پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی وفاقی کابینہ میں وزراء کی فوج ظفر موج اکٹھا کرنے کی بجائے مختصر کابینہ تشکیل دی جائے تاکہ قومی خزانے پر بھاری بوجھ نہ پڑے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک و قوم کے ساتھ جو وعدے کیے ہیں ان کو پورا کیا جانا چاہیے۔ بصورت دیگر ان کا انجام بھی سابقین جیسا ہی ہوگا۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے انتخابی اصلاحات کی جائیں۔ دھاندلی اور ہارس ٹریڈنگ کی لعنت کو ہمشیہ ہمیشہ کے لیے دفن کرنا ہوگا۔