شوگرملزسمیت تین نیب ریفرنسز ،شہبازشریف کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور


لاہور (صباح نیوز)لاہور کی احتساب عدالت میں وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف، حمزہ شہباز شریف اور دیگر کے خلاف تین نیب ریفرنسز پر سماعت ہوئی۔ عدالت نے شہباز شریف کی جانب سے دائر ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ نیب حکام نے شہباز شریف کی جانب سے دائر حاضری معافی کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

درخواست میں کہا گیا تھا کہ شہباز شریف ملک کے وزیر اعظم منتخب ہو چکے ہیں اور انہوں نے کراچی کا دورہ کرنا ہے اس لئے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے، ان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے جبکہ دوران سماعت حمزہ شہباز شریف اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔

عدالت نے تینوں ریفرنسز پر مزید سماعت 28اپریل تک ملتوی کردی۔حمزہ شہباز رمضان شوگر ملز کیس میں پیش ہوئے۔ عدالت نے حاضری مکمل کرنے کے بعد حمزہ شہباز شریف کو واپس جانے کی اجازت دے دی۔

سماعت کے بعد میڈیا کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے انتخاب کے لئے اپوزیشن کی نمبر گیم پوری ہے، اس پر حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ الحمدُللہ،انشائاللہ، اللہ تعالیٰ نے چاہا توساری گیم پوری ہے۔