اسلام آباد(صباح نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی ماہرین کے اجلا س میں نیشنل اکنامک کونسل تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے معاشی ماہرین کو معاشی بحالی کے لیے سفارشات کی تیاری کا حکم دے دیا۔
نومنتخب وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے ہنگامی اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی بنیادوں پر معاشی تجاویز اور سفارشات کی تیاری، ملک کو درپیش سنگین صورتحال اور معاشی چیلنجز سے نکلنے کے لیے ہدایات جاری کیں۔اعلامیے کے مطابق تجاویز زراعت، صنعت، سرمایہ کاری، بینکاری سے متعلقہ طبقات کی آرا کی روشنی میں مرتب ہوں گی۔تاجر و کاروباری برادری سمیت تمام متعلقہ طبقات کی آرا لی جائیں گی۔
تجاویز کے حصول کے لیے آئندہ چند دنوں میں سمٹ منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے نیشنل اکنامک کونسل تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ نیشنل اکنامک کونسل غیرجانبدار اور ممتاز معاشی ماہرین پر مشتمل ہوگی۔اجلاس کے دوران سیکریٹری خزانہ نے ملکی معاشی صورتحال، ریونیوز اور بجٹ خساروں پر بریفنگ دی۔ اسی طرح وزیراعظم کو داخلی اور بیرونی قرض کی صورتحال مجموعی قومی بیلنس شیٹ سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سنگین مالی خطرات دیکھتے ہوئے فوری وسط اور طویل المدتی اہداف کا واضح تعین کریں۔
انہوں نے ہدایت کی کہ پالیسی آپشنز پر جامع سفارشات پیش کریں تاکہ ٹھوس اقدامات لیے جاسکیں۔وزیراعظم نے عوام کو ریلیف دینے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے جامع تجاویز مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے رمضان المبارک میں رمضان بازار کی مانیٹرنگ کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں فوری کمی لانے کی بھی خصوصی ہدایات جاری کیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قومی اور عوامی مفادات کے درمیان بہترین توازن کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔